کینیا،22اگسٹ(ایجنسی) امریکی وزیرخارجہ جان کیری مشرقی افریقی ملک کینیا پہنچ گئے ہیں، جہاں وہ علاقائی سلامتی اور شدت پسندی جیسے موضوعات پر ملکی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ اتوار کی شب نیروبی پہنچنے پر کینیا کی وزیرخارجہ امینہ محمد نے ان کا استقبال کیا۔ اپنے اس دورے میں وہ
کینیا کے صدر اہورو کینیاٹا سے بھی مل رہے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں کینیا کے ہمسایہ ملک جنوبی سوڈان کے استحکام سمیت صومالیہ میں شدت پسندی اور برونڈی میں موجود سیاسی کشیدگی کے موضوعات پر بھی گفتگو ہو گی۔ صومالیہ میں اگلے ماہ پارلیمانی انتخابات کا انعقاد ہو رہا ہے، جب کہ وہاں عسکریت پسند گروہ الشباب مسلسل دہشت گردانہ حملوں میں مصروف ہے۔